حنا رضوی نے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کا اعلان کر دیا
مقبول اداکارہ و پروڈیوسر حنا رضوی نے اپنے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔
حنا رضوی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت دکھی دل کے ساتھ اطلاع دے رہی ہیں کہ وہ اور عمار اس وقت علیحدگی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
اداکارہ نے عوام سے درخواست کی کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے، کیونکہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، دونوں کو اس رشتے کے مستقبل کے بارے میں مزید سوچنے کے لیے وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو، براہ کرم انہیں جج نہ کریں کیونکہ شادی کی اصل نوعیت صرف ان دو افراد کو معلوم ہوتی ہے جو اس بندھن میں جڑے ہوتے ہیں۔
بعدازاں ایک اور انسٹا پوسٹ میں انہوں نے مختلف ڈراما پیجز کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اور ان کے شوہر اس وقت علیحدگی کے عمل سے گزر رہے ہیں لیکن طلاق کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کو کچھ وقت اور جگہ کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس رشتے کے بارے میں بہترین فیصلہ کر سکیں۔
مزید برآں، حنا رضوی نے ایک ویڈیو میں علیحدگی کی وجوہات پر روشنی ڈالی اور ان لوگوں پر تنقید کی جو سوشل میڈیا پر ان کے اس فیصلے پر تبصرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ ایک سیلیبریٹی ہیں، اس لیے انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ خبر شیئر کی، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو ان کی زندگی پر تنقید کا حق حاصل ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوہر سے علیحدگی لینا ان کا بنیادی حق ہے، ساتھ ہی انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
یاد رہے کہ اپریل 2024 میں حنا رضوی نے اپنے قریبی دوست اور اداکار عمار احمد خان سے شادی کی تھی۔
