پروڈیوسرز اداکاروں کا پیسہ کھا کر بڑے بڑے محل بنا رہے ہیں، علیزے شاہ
معروف اداکارہ علیزے شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے انڈسٹری میں کام کا معاوضہ وقت پر نہ ملنے اور عزت نہ کیے جانے کی وجہ سے کام کرنا بند کردیا ہے اور کچھ پروڈیوسرز چاہتے ہیں کہ میں انڈسٹری کو خیرباد کہہ دوں, پروڈیوسرز صاحبان ایکٹرز کا پیسہ کھا کھا کر اتنے بڑے بڑے محل بنا رہے ہیں، کبھی نہ کبھی تو گریں گے۔ انسٹاگرام سٹوریز میں اپنی کئی ویڈیوز شیئر کر کے اداکارہ نے اپنے دل کا حال مداحوں کے سامنے بیان کر ڈالا۔
علیزے شاہ نے کہا کہ میں تھک چکی ہوں اب میں ہر اس شخص کو بے نقاب کروں گی جس نے میرے ساتھ غلط کیا، میں پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ میرا مذاق اڑاتے ہیں، ٹرولنگ کرتے ہیں، مجھ پر میمز بناتے ہیں میں تنگ آچکی ہوں۔ ان کا لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ ایک اداکار کی زندگی کتنی مشکل ہوتی ہے۔ ہمیں ڈراموں کے چیکس 3،3 ماہ بعد ملتے ہیں اور اپنی کمائی کے لیے ہمیں لوگوں سے بھیک مانگنی پڑتی ہے اور جب ملتا ہے تو لگتا ہے کہ ہم پر احسان کیا جارہا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ سب سے بڑی وجہ ہے جس کی وجہ سے میں نے کام کرنا بند کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب میں لوگوں کو کہتی ہوں کہ مجھے اپنے گھریلو اخراجات پورے کرنے ہیں تو آگے سے جواب ملتا ہے کہ ہم آپ کے لیے اتنا کر تو رہے ہیں کہ آپ کا گزارا ہوجائے، ان کا نقطہ نظر یہ ہوتا ہے کہ ہم آپ کو اتنی بڑی پروڈکشن میں ڈرامہ دے کر آپ پر احسان کررہے ہیں۔ علیزے کا کہنا تھا کہ ‘تو آپ اپنا احسان اپنے پاس رکھیں مجھے نہیں کرنا، جہاں کام میں عزت نہیں ہے وہاں آپ کیا ہی کام کرو گے، جب میں نے اپنی پیمنٹس کے سوال کیے تو سوشل میڈیا پیجز کو پیسے دے کر مجھ پر میمز بنوائی گئیں، مجھے اتنا ٹرول کیا گیا کہ جب میں کسی میٹنگ میں جاتی تھی تو ڈائریکٹر مجھے یہ کہتے تھے کہ آپ کے ہم نے بہت قصے سن رکھے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ ‘وہ ڈائریکٹر مجھے کہتے تھے کہ آپ کی امیج اتنی خراب ہے ہم آپ کو کیوں کاسٹ کریں گے، لیکن آپ کو مجھے کاسٹ کرنا ہے یا نہیں پر یہ سوال پوچھنے والے آپ کون ہوتے ہو کہ میری امیج خراب ہے، اور ایسا ہی ہے تو مجھے میٹنگ میں کیوں بلارہے ہو، ایسے بے عزت کرنا کہ اگلا بندہ اندر سے ٹوٹ جائے۔ پھر اس کے بعد یہ کہنا کہ ہم آپ کے لیے بہت بڑا قدم اٹھا رہے ہیں جیسے میں نے کوئی گناہ کیا ہے، اس انڈسٹری میں آدھی لڑکیاں سلیو لیس، آف شولڈرز پہنتی ہیں۔ آج کل تو پاکستانی فلموں میں ٹینک ٹاپس پہنے جارہے ہیں،اداکارہ کے مطابق ‘میرا کہنا یہ ہے کہ مجھے کام دے کر میری ذات پر احسان مت کرو۔مجھے صرف عزت اور ٹائم پر میری پیمنٹ چاہیے، اگر آپ یہ نہیں کرسکتے تو آپ سے بڑا کوئی بھکاری نہیں ہے انڈسٹری میں۔ علیزے نے پروڈیوسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو آپ ایکٹرز کا پیسہ کھا کھا کر اتنے بڑے بڑے محل بنا رہے ہیں، کبھی نہ کبھی تو گریں گے۔ یہ سب آپ لوگوں کو مبارک ہو، میں کام صرف اس وقت کروں گی جب میری عزت ہوگی۔
